بل گیٹس نے مستقبل کے سب سے بڑے خطرے سے آگاہ کردیا

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مستقبل کے حوالے سے تشویشناک پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کے نتیجے میں متعدد ملازمتیں ختم ہوسکتی ہیں۔
اپنے ایک مضمون میں بل گیٹس نے تجویز دی کہ اے آئی اور روبوٹس کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے پیش نظر کچھ مخصوص شعبے انسانوں کے لیے مختص کیے جانے چاہئیں تاکہ وہاں انسانی کردار کو ٹیکنالوجی سے تبدیل نہ کیا جاسکے۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اے آئی اور روبوٹس میں بہتری کے ساتھ دنیا کو ایسے شعبوں کی نشاندہی کرنی چاہیے جہاں صرف انسانوں کی خدمات ضروری ہوں۔ انہوں نے اس کی مثال قدرتی علاقوں سے دی جنہیں انسانی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص کیا جاتا ہے۔
انہوں نے طبی شعبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں انسانی موجودگی انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق یہ تصور تشویشناک ہے کہ کوئی روبوٹ کسی شخص کو کسی ناقابلِ علاج بیماری کی خبر دے، جو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
بل گیٹس نے اپنے مضمون میں یہ بھی خبردار کیا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اے آئی کے اثرات کے پیمانے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں ہیں اور آنے والے برسوں میں اس ٹیکنالوجی کے روزگار پر اثرات کو سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا۔
یہ مضمون جیفری ایپسٹین اسکینڈل میں بل گیٹس کا نام سامنے آنے کے بعد ان کا پہلا عوامی بیان قرار دیا جارہا ہے۔ بل گیٹس ماضی میں ایپسٹین سے تعلق پر افسوس کا اظہار کرچکے ہیں۔



