گوجرانوالہ نادرا میگا سنٹر میں جلد پاسپورٹ آفس کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، محسن نقوی

گوجرانوالہ(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں قائم 24/7 میگا نادرا سنٹر کا دورہ کیا اور اعلان کیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جلد ہی نادرا میگا سنٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ بہت جلد شہریوں کو اسی میگا سنٹر میں پاسپورٹ سے متعلق سہولتیں بھی دستیاب ہوں گی۔ دورے کے دوران انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے دستاویزات کے اجرا کے عمل کے بارے میں دریافت کیا۔

شہریوں نے نادرا میگا سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں باری جلد آجاتی ہے اور زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، نادرا عملے سے ملاقات کی اور انفارمیشن ڈیسک کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سنٹر آنے والے ہر شہری کی مکمل رہنمائی کی جائے اور انہیں تمام ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بعض شہریوں کی شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے فوری ازالے کے احکامات بھی جاری کیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ رش کے باوجود نادرا میگا سنٹر کا عملہ بہترین انداز میں امور انجام دے رہا ہے اور شہریوں کو سراہا کہ انہیں اپنے کام کے لیے بار بار نادرا سنٹر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔

محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہریوں کو بہتر اور بروقت سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button