نئے صوبوں کا شوق ہے تو سندھ اسمبلی میں قرارداد لائیں، مخالفت میں پھر قرارداد منظور ہوگی، مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جسے نئے صوبوں کے قیام کا شوق ہے وہ سندھ اسمبلی میں قرارداد لے آئے، ایوان ایک بار پھر نئے صوبوں کی مخالفت میں قرارداد منظور کرسکتا ہے۔

سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ میں نئی سہولتوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی پہلے بھی 6 مرتبہ نئے صوبوں کے خلاف قراردادیں منظور کرچکی ہے اور اب بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے پمز ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک اور دل خراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا اور اداروں کی استعداد کار میں اضافہ حکومت کے منشور کا حصہ ہے، دیگر صوبوں کو بھی بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہیے۔

مراد علی شاہ نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ میں جدید سہولتوں کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جانوروں کی صحت، تحقیق اور بیماریوں کی نگرانی کا نظام مزید مؤثر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جدید پالتو جانوروں کے ہسپتال میں علاج، سرجری، انتہائی نگہداشت اور تشخیص کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جہاں جانوروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

وزیرِ اعلیٰ کے مطابق نئے تشخیصی و تحقیقی کمپلیکس میں ڈیری، تجزیاتی اور پیراسائٹولوجی لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں، جن کے ذریعے جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، نگرانی اور روک تھام ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جدید تشخیصی نظام سے دودھ اور گوشت کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ غذائی تحفظ بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جدید بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ویٹرنری ماہرین اور محققین کی نئی نسل تیار کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کو ویٹرنری تعلیم، تحقیق اور تشخیص کا اہم مرکز بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تشخیصی لیبارٹریز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ویکسین کی تیاری کی صلاحیت کو بھی مزید مستحکم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button