بھارت میں تربیتی طیارہ کھیت میں گر کر تباہ، انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ ہلاک

کانپور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے شہر کانپور میں 4 نشستوں پر مشتمل دو انجنوں والا تربیتی طیارہ کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ اور زیرِ تربیت پائلٹ دونوں جاں بحق ہوگئے۔

کانپور پولیس کمشنر رگھو ویر لال کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا اور کرناٹک کے رہائشی زیرِ تربیت پائلٹ ابھیشیک پجاری کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں پائلٹس نے مقامی گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر پرواز کی تھی۔ طیارہ تربیتی پرواز مکمل کرکے واپس آتے ہوئے تقریباً 20 منٹ بعد، 11 بج کر 50 منٹ کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ چار نشستوں والا دو انجنوں کا ٹیکنام طیارہ تھا۔ پولیس کمشنر کے مطابق انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا کو تقریباً 3 ہزار گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل تھا۔

حادثے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور دونوں پائلٹس کی لاشیں نکال لی گئیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کو دے دی گئی ہے، جس کی ٹیم واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرے گی۔

پولیس کمشنر کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ 2023 میں تربیتی مقاصد کے لیے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر لایا گیا تھا۔

حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ طیارے کی تکنیکی خرابی سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ ڈی جی سی اے کی تحقیقات میں لیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button