نامزد وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کون ہیں؟

مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب رکن بیرسٹر سید افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے امیدوار نامزد کردیا۔

بیرسٹر سید افتخار گیلانی کا تعلق مظفرآباد کے معروف سیاسی خاندان سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اسلام آباد سے حاصل کی، جس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن گئے اور برطانیہ کے ایک معتبر ادارے سے بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کی۔

وطن واپسی کے بعد انہوں نے تقریباً 10 سال اسلام آباد میں وکالت کی۔ ان کا خاندان آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے بانی خاندانوں میں شمار ہوتا ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے 2011 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرکے پہلی مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قدم رکھا۔ 2016 کے انتخابات میں بھی انہوں نے کامیابی حاصل کی اور دوسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے اپنے مدِمقابل امیدوار خواجہ فاروق احمد کو واضح برتری سے شکست دی۔

بطور وزیر تعلیم، بیرسٹر افتخار گیلانی نے محکمہ تعلیم میں متعدد اصلاحات متعارف کرائیں۔ ان کے دور میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) کے ذریعے بھرتیوں کا نظام متعارف کرایا گیا، جس کا مقصد بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینا تھا۔ تعلیمی معیار میں بہتری اور اساتذہ کی اہلیت بڑھانے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے گئے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی کو قانون، تعلیم اور سیاست کے شعبوں میں تجربہ رکھنے والا سیاسی رہنما سمجھا جاتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کی نامزدگی کے بعد اب ان کے انتخاب کے لیے پارلیمانی عمل آگے بڑھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button