مریم نواز کا چین میں ڈیری کمپنی کا دورہ، پنجاب میں جدید ڈیری پروسیسنگ منصوبے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

مریم نواز شریف نے ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جدید ڈیری فارمنگ، ملک پروسیسنگ اور مصنوعات کی تیاری کے نظام کا جائزہ لیا۔ کمپنی حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے ملک پروسیسنگ کے عمل کا ڈیجیٹل معائنہ کیا، جبکہ ماہرین نے انہیں دودھ کی پروسیسنگ اور دودھ، دہی سمیت دیگر ڈیری مصنوعات کی تیاری کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس چین کے مختلف علاقوں میں جدید ڈیری فارمنگ کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتی ہے۔ کمپنی کے فارمز میں مویشیوں کی حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق پرورش کی جاتی ہے جبکہ دودھ اور دیگر مصنوعات جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی جاتی ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو اسٹاک کی بہتری اور فروغ کے منصوبے مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائش نسل کے لیے بھی خصوصی منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو فربہ کرکے گوشت کی پیداوار کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت چین کے اشتراک سے صوبے میں جدید ملک اور ڈیری پروسیسنگ منصوبہ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیری سیکٹر کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button