تھرپارکر میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی گونج، مختلف شہروں میں شاندار ریلیاں

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر ضلع تھرپارکر کے مختلف شہروں اور علاقوں میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ریلیوں اور دینی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جن میں عاشقانِ رسول ﷺ، علماء کرام، مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مٹھی میں فیضانِ مدینہ مسجد میں جماعت اہلِ سنت کی جانب سے دینی پروگرام منعقد ہوا، جس کی قیادت حافظ رمضان سمیجو نے کی جبکہ مولانا شکیل احمد عطاری نے خطاب کیا۔ نورانی مسجد اور اوبھر بجیر محلے سے بھی میلاد ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بس ٹرمینل پہنچی، جہاں اختتام پر نیاز اور دعا کا اہتمام کیا گیا۔
اسلام کوٹ میں جامع مسجد روضی دھنی رہبر سے سیرت النبی ﷺ ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف چوراہوں سے گزرتی ہوئی مدرسہ فیضانِ خلیل کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی صدارت پیر غلام مجدد عرف بابا جان مجدی فاروقی سرہندی نے کی جبکہ علامہ مولانا تھر حاجی حافظ عبدالغنی میمن سکندری نے خصوصی خطاب کیا۔
چیلہار میں مولوی اکبر علی بجیر کی قیادت میں جشنِ ولادتِ رسول اکرم ﷺ کی ریلی مین چوک سے نکالی گئی، جو مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی واپس مین چوک پہنچی جہاں جلسہ منعقد کیا گیا۔
کلوئی میں مسجد محمدی سے گریڈ اسٹیشن تک ”آمدِ مرحبا یا رسول اللہ ﷺ“ کے عنوان سے ریلی نکالی گئی، جس میں مدارس کے طلبہ اور عاشقانِ رسول ﷺ سمیت سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔
نگرپارکر میں جامع مسجد بریلوی سے شروع ہونے والی ریلی شاہی بازار، بس اسٹاپ اور پرانی بازار سے ہوتی ہوئی واپس جامع مسجد پہنچی۔ ریلی کی قیادت مولوی علی محمد کنبہار اور مولوی جاوید چاکی نے کی جبکہ مولوی عبدالغفار سکندری نوابشاہی نے خطاب کیا۔
مٹھی کے گاؤں کاٹی کی ویری میں مدرسہ غوثیہ بن اسلام سے بھی میلاد ریلی نکالی گئی، جو مقررہ روٹ سے ہوتی ہوئی واپس مدرسہ پہنچی، جہاں نیاز اور دعا کا اہتمام کیا گیا۔
ڈیپلو میں فیضانِ مریم مسجد سے جشنِ ولادتِ حضرت محمد رسول ﷺ کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی، جو مختلف شاہراہوں اور چوراہوں سے ہوتی ہوئی فیضانِ عائشہ صدیقہ مسجد پہنچ کر شام 5 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی نگرانی مولانا مفتی محمد عیدل عطاری نے کی۔
ریلیوں کے دوران نعت خوانی، درود و سلام اور ”آمدِ مرحبا یا رسول اللہ ﷺ“ کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے اور شرکاء کے تحفظ کے لیے مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔



