پمز نرسری آتشزدگی: 14 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق، اے سی بلاسٹ سے آگ لگی، مصطفی کمال

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پمز اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں ایئر کنڈیشنر بلاسٹ ہونے کے بعد آگ لگی، آکسیجن کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کرلی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر صحت نے پمز اسپتال آتشزدگی کے واقعے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی ہیلتھ اور اسپتال کے سیکرٹری موقع پر موجود ہیں، جبکہ متعلقہ حکام متاثرہ بچوں کے والدین سے رابطے میں ہیں۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایئر کنڈیشن میں دھماکا ہوا، جس کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔ آگ انتہائی تیزی سے پھیلی جبکہ دھماکے کے ساتھ ہی اسپتال کی بجلی بھی منقطع ہوگئی۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسلسل ان سے رابطے میں ہیں اور موقع پر موجود ہیں۔ آئی سی یو میں ڈاکٹرز اور عملہ موجود تھا، تاہم آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث عملے کے ارکان ریسکیو ٹیم کو بلانے کے لیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں آگ بجھانے کے آلات کام کر رہے تھے، تاہم پمز اسپتال اپنی گنجائش سے زیادہ مریضوں کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر اس واقعے میں ان کی کوئی غلطی ثابت ہوئی تو انہیں بھی نہیں چھوڑا جائے گا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button