کراچی تا روہڑی ایم ایل ون اپ گریڈیشن، ٹرین آپریشن کیلئے عارضی پلان تیار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ریلوے نے کراچی سے روہڑی سیکشن پر ایم ایل ون اپ گریڈیشن کے دوران مسافر اور مال گاڑیوں کے آپریشن کیلئے عارضی پلان تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام جلد شروع کرنے کیلئے مختلف تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ اپ گریڈیشن کا کام کراچی اور روہڑی کے درمیان 5 سے 6 مقامات پر بیک وقت کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ورک سیکشن تقریباً 60 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا، جبکہ کام کے دوران ان سیکشنز میں ٹرینوں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رہے گی۔ روزانہ 8 سے 10 گھنٹے دونوں ٹریکس بند رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اپ گریڈیشن کے دوران روزانہ صرف 4 مسافر ٹرینیں چلانے کی تجویز دی گئی ہے، جن میں ایک پشاور، دو راولپنڈی اور ایک لاہور جانے والی ٹرین شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ روزانہ 8 مال گاڑیاں بھی چلائی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق سنگل لائن آپریشن کے باعث کراچی سے روہڑی کے درمیان مسافر ٹرینوں کے سفر کا دورانیہ تقریباً 5 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے کا امکان ہے۔



