توانائی شعبے کا سرکلر ڈیٹ 5 ہزار 286 ارب روپے تک پہنچ گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملکی توانائی شعبے کا مجموعی سرکلر ڈیٹ 5 ہزار 286 ارب روپے تک پہنچ گیا، جس میں گیس شعبے کا حصہ بجلی کے شعبے سے نمایاں زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق گیس شعبے کا سرکلر ڈیٹ 3 ہزار 611 ارب روپے جبکہ بجلی شعبے کا سرکلر ڈیٹ ایک ہزار 675 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کا توانائی شعبہ بدستور مالی دباؤ کا شکار ہے، جس کے باعث عالمی مالیاتی ادارے نے شعبے میں مالی استحکام کیلئے اصلاحات تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ سرکلر ڈیٹ کے بڑھتے ہوئے حجم کو روکنے کیلئے بروقت ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے، جبکہ توانائی شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بجلی اور گیس کے نقصانات میں کمی بھی ناگزیر ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق بجلی شعبے میں سرکلر ڈیٹ کے بہاؤ کو کم کرنا پاکستان کیلئے ایک اہم چیلنج ہے، جبکہ گیس شعبے میں بھی لاگت کے مطابق ٹیرف ایڈجسٹمنٹ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف نے خبردار کیا کہ توانائی شعبے کی مالی کمزوریاں پاکستان کے مجموعی مالی استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال بجلی شعبے کے سرکلر ڈیٹ کے بہاؤ کو مزید کم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق توانائی شعبے میں اصلاحات کا بنیادی مقصد نقصانات میں کمی کے ذریعے بجلی اور گیس کے شعبوں کو مالی طور پر مستحکم بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button