ماتلی ٹنڈو محمد خان روڈ پر مسافر وین الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق، 15 سے زائد زخمی

ماتلی(رپورٹ: ایم اے گدی\جانوڈاٹ پی کے) ماتلی ٹنڈو محمد خان روڈ پر میرانی موری کے قریب مسافر وین کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی، حادثے میں ٹنڈو محمد خان کا 40 سالہ رہائشی فیصل میمن جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کے فوری بعد زخمیوں اور جاں بحق شخص کی لاش کو تعلقہ اسپتال ماتلی منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

تشویشناک حالت میں بعض زخمیوں کو مزید علاج کیلئے سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں لچھمن کولہی، کرشن، فرمان، اجے، احسان، انب، لچھمن، غلام رسول، مختیار اور دیگر شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق حادثہ وین کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وین سڑک پر الٹ گئی۔ حادثے کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

جاں بحق فیصل میمن کی لاش ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button