بھارتی ساحل کے قریب سنگاپور جانے والا مال بردار جہاز ڈوب گیا،22افراد لاپتہ

اڑیسہ (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست اڑیسہ کے ساحل سے تقریباً 240 ناٹیکل میل دور سنگاپور جانے والا پاناما کا پرچم بردار مال بردار جہاز ڈوب گیا، جس پر 24 افراد سوار تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’ایم وی اوشن ونر‘ نامی جہاز نے 20 اگست کی رات تقریباً ساڑھے 10 بجے اڑیسہ کی پارادیپ بندرگاہ سے سنگاپور کے لیے سفر شروع کیا تھا۔ جہاز پر اڑیسہ سے لدا تقریباً 1,700 ٹن لوہے کا خام مال موجود تھا۔
بھارتی کوسٹ گارڈ کے مطابق امدادی ٹیموں نے لائف رافٹس سے 2 افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ دیگر افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام کے مطابق جہاز کے عملے میں 20 چینی، 3 میانماری اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل تھے۔ 22 اگست کو صبح 11 بج کر 48 منٹ پر سری وجے پورم میں قائم میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
جہاز چلانے والی کمپنی ’’وکٹری اسٹار گروپ‘‘ نے تلاش اور امدادی کارروائی کے لیے مدد طلب کی، جس کے بعد بھارتی کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
کوسٹ گارڈ کے جہاز ’وراد‘ اور ’انمول‘ کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا، جبکہ ’وجیت‘ نامی ایک اور جہاز بھی امدادی کارروائی میں شامل کرلیا گیا۔
حکام نے علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو بھی الرٹ کردیا ہے اور ان سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ باقی لاپتا افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔



