کھوسکی:ہاریوں پرحملہ،5 روز بعد بھی نامزد ملزمان آزاد،متاثرین کا پولیس کیخلاف احتجا جی مظاہرہ اوراعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے) کھوسکی کے قریب جت کالونی کے مقام پر ادریس باجواہ کی زمین پر کام کرنے والے ہاریوں پر مبینہ حملے کے واقعے کو پانچ روز گزرنے کے باوجود نامزد ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے کے خلاف متاثرہ ہاریوں اور چانڈیا برادری نے احتجاج کیا

مبینہ حملے کے دوران لاٹھیوں اور دیگر ہتھیاروں کے استعمال سے 13 ہاری زخمی ہوگئے تھے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جس کے باعث ورثا اور علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے متاثرہ ہاریوں نے بھائی خان چانڈیو، دوست محمد چانڈیو اور محمد ہاشم چانڈیو کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ علی محمد ملاح، جان محمد ملاح، حنیف ملاح، اصغر ملاح، دودو ملاح اور دیگر افراد نے زمین پر کام کرنے والے ہاریوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ کوسکی تھانے میں درج ہوچکا ہے اور ایف آئی آر درج ہوئے بھی تین روز گزر گئے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ متاثرین کے مطابق نامزد ملزمان آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں، جبکہ زخمی ہاری اور ان کے اہل خانہ خوف و ہراس اور شدید پریشانی میں مبتلا ہیں متاثرہ فریق نے الزام عائد کیا کہ ملاح برادری کے بعض افراد مبینہ طور پر دوبارہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور دھمکی دی جارہی ہے کہ زمین پر کام کرنے کے لیے آنے والے افراد پر دوبارہ حملہ کیا جائے گا۔

مظاہرین نے ایس ایس پی بدین سمیت اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو فوری گرفتار، زخمی ہاریوں کو تحفظ فراہم اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button