پاکستان ہاکی ٹیم نے 16 سال بعد ورلڈکپ میں پہلی فتح حاصل کرلی، جاپان کو 3-4 سے شکست دیدی

نیدرلینڈ(جانوڈاٹ پی کے)ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے 16 سال بعد پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

نیدرلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نےنویں سے 16ویں پوزیشن کےکلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 3کے مقابلے میں 4گول سے ہرادیا۔

خیال رہےکہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ ٹرافی کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔ 8 سال بعد 2026 کے ورلڈکپ کےکوالیفائی کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو ابتدائی تین میچز میں کامیابی نہیں ملی اور  وہ دوسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئی تھی تاہم نویں سے 16 ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان کو جاپان کے خلاف پہلی کامیابی ملی۔

ایک موقع پر پاکستان دو گول سے خسارے میں تھا تاہم پاکستان ٹیم نے کم بیک کیا اور مقابلہ تین کے مقابلے مین چار گول سے جیت لیا۔ ابوبکر انجری کے باعث میچ میں کپتانی نہیں کرسکے تھے ، ان کی جگہ معین شکیل نے کپتانی کے فرائض سر انجام دیے۔

جاپان کے خلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے 2 حماد الدین اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔

یہ نہ صرف نیدرلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں 4 مرتبہ کی ریکارڈ عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم کی پہلی کامیابی ہے بلکہ ہاکی ورلڈکپ کے مقابلوں میں پاکستان نے 6 ہزار 17 دنوں بعد کسی ٹیم کو شکست دی ہے۔

اس سے قبل آخری بار پاکستان ہاکی ٹیم نے 2010 کے ہاکی ورلڈکپ میں اسپین کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی۔

تاہم پاکستان2014 کے ورلڈکپ کے لیےکوالیفائی نہیں کرسکا تھا جب کہ 2018 کے ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم ایک میچ بھی نہ جیت سکی تھی۔ اسی طرح 2023 کے ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button