بدین میں سندھ کے قدیم ثقافتی کھیل ’’ونجھ وٹی‘‘ کے شاندار مقابلے، علی وارث ٹیم فاتح

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن، جانو ڈاٹ پی کے) بدین کے قریب گاؤں الھڈنو سومرو میں سندھ کے قدیم ثقافتی کھیل ونجھ وٹی کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں بدین، لواری شریف اور مختلف دیہات سے آنے والی 16 ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔
مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جبکہ کھیل دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود رہے۔ مختلف مراحل میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد علی وارث ٹیم نے فائنل میں مخالف ٹیم کو شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا، جسے شائقین نے خوب سراہا۔ مقابلے کے اختتام پر فاتح ٹیم کے کپتان امید علی عرف دادا کھور کو ٹرافی پیش کی گئی جبکہ کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارکباد دی گئی۔
کھیلوں کے منتظم سردار اسلم سومرو نے کہا کہ ونجھ وٹی سندھ کا قدیم ثقافتی کھیل ہے، جس کا دیہی زندگی اور سندھ کی روایات سے گہرا تعلق ہے۔ ایسے کھیل نوجوان نسل کو اپنی ثقافت اور روایات سے جوڑنے کے ساتھ انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سماجی رہنما غلام محی الدین سومرو نے کہا کہ کھیل انسانی صحت اور جسمانی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہیں، نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں اجاگر کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ثقافتی کھیلوں کو فروغ دینے سے نہ صرف قدیم روایات زندہ رہیں گی بلکہ نوجوانوں میں اتحاد، بھائی چارے اور مثبت مسابقت کا جذبہ بھی پروان چڑھے گا۔
تقریب کے دوران حاجی شفیع سومرو اور ہاشم پوڑھو سومرو کی جانب سے مہمانوں اور کھلاڑیوں کو اجرکیں بھی پہنائی گئیں۔
آخر میں شرکا نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے ثقافتی اور روایتی کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے تاکہ نئی نسل اپنی ثقافت، روایات اور قدیم کھیلوں سے جڑی رہے۔



