ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا منفرد اقدام، سائلین کے پاس خود پہنچ گئے؛ مسائل کے فوری حل کے احکامات

اوکاڑہ(رپورٹ:وحید آرائیں، جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے عوامی مسائل کے حل اور سائلین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے منفرد عوام دوست اقدام اٹھاتے ہوئے اپنے دفتر میں موجود شہریوں کے پاس خود جا کر ان کی شکایات اور درخواستیں سنیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سائلین سے ان کے مسائل تفصیل سے دریافت کیے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی شکایات فوری، شفاف اور میرٹ پر حل کرنے کے تحریری احکامات جاری کیے۔

محمد اکرام ملک نے کہا کہ سرکاری دفاتر کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا ازالہ ہے، شہریوں کو اپنے جائز کاموں کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کی فوری سماعت اور ان کے مسائل کا بروقت حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کوشش کی جائے گی کہ عوام کو ان کی دہلیز پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ "میرا دفتر عوام کے لیے ہر وقت کھلا ہے، سائلین کی دادرسی اور ان کی مشکلات کا بروقت اور ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا، کیونکہ ہم عوام کی خدمت کے لیے ہی اس کرسی پر بیٹھے ہیں۔”

ان کے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے سراہا گیا، جبکہ انتظامی افسران کو بھی عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button