بوریوالامیں موبائل چھین کرفرارملزم دیوار سے ٹکرا کر زخمی،خاتون ٹیچر سے مبینہ نازیبا حرکات کا بھی الزام

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو، جانو ڈاٹ پی کے) بورے والا میں راہگیر خاتون ٹیچر سے مبینہ طور پر نازیبا حرکات کرنے اور شہری سے موبائل فون چھیننے کا الزام سامنے آیا ہے، جبکہ پولیس نے مبینہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزم نے حماد نامی شہری سے مبینہ طور پر موبائل فون چھینا اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ شہریوں نے ملزم کا تعاقب کیا تو وہ مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھ سکا اور ایک پختہ دیوار سے جا ٹکرایا۔

حادثے کے نتیجے میں ملزم کا دائیں بازو فریکچر ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد حسن کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ابتدائی معلومات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ ایک راہگیر خاتون ٹیچر کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات میں ملوث تھا۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی بورے والا مظہر فرید گوندل نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button