بورے والا میں نوجوان پر مبینہ تشدد، فصلوں میں پھینکنے کا الزام؛ 6 افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو، جانو ڈاٹ پی کے) تھانہ صدر بورے والا کی حدود چک نمبر 64 مرابہ میں ایک نوجوان پر مبینہ طور پر شدید تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد اہل علاقہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ نوجوان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اہل علاقہ کے مطابق صائم نامی نوجوان کو مبینہ طور پر 6 افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں قریبی فصلوں میں پھینک دیا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے نوجوان کو لوہے کے راڈ، ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ پستول کے بٹ بھی مارے۔

متاثرہ نوجوان کے حوالے سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی نیت سے اس کا گلا بھی دبایا، جبکہ تشدد کے دوران صائم کا موبائل فون اور 42 ہزار روپے نقدی بھی نکال لیے گئے۔

واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم نے نوجوان کو تحویل میں لے کر طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا۔

اہل علاقہ کے مطابق مبینہ تشدد میں ملوث افراد میں ارشد، کاشف، زیبی، فیصل، شیبی اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔

واقعے کے بعد اہل محلہ نے ڈی پی او وہاڑی، ڈی ایس پی بورے والا اور ایس ایچ او تھانہ صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے مبینہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے اور متاثرہ نوجوان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کے حوالے سے مزید پیش رفت سامنے آنا باقی ہے۔ مذکورہ الزامات کی حتمی تصدیق تفتیش اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button