تھرپارکر: چیلہار میں کھلی کچہری، شہریوں نے مسائل کے انبار لگا دیے

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں چیلہار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو و اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے اور موقع پر متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو معمولی مسائل کے لیے مٹھی کے چکر لگانے اور غیر ضروری پریشانی سے بچانا ہے۔ ریونیو سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے، جبکہ دیگر محکموں سے متعلق شکایات متعلقہ اداروں کے ذریعے حل کرائی جائیں گی۔

شہریوں نے کھلی کچہری میں گوئچر زمینوں پر کاشت، سرکاری اراضی پر قبضوں، صفائی ستھرائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، منشیات کے استعمال اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی سمیت مختلف مسائل تحریری طور پر پیش کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

کھلی کچہری میں متعلقہ محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button