کلوئی میں لنڈ اور میگھواڑ برادری میں جھگڑا، 4 افراد زخمی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کلوئی تھانے کی حدود گاؤں مالو میگھواڑ کے ٹی میں لنڈ اور میگھواڑ برادری کے درمیان جاری پرانا تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا، دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں مبینہ طور پر لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

جھگڑے کے دوران میگھواڑ برادری کے لیموں میگھواڑ اور کیلاش جبکہ لنڈ برادری کے رحیم خان لنڈ اور سموں لنڈ زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر کلوئی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو لیٹر دے کر ڈیپلو اسپتال منتقل کیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

میگھواڑ برادری کے افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ لنڈ برادری کے بااثر افراد مسلسل حملے کر رہے ہیں اور اس حوالے سے پہلے بھی پولیس کو شکایات دی گئی تھیں، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز لنڈ برادری کے افراد ان کی زمین سے درخت کاٹ رہے تھے، جنہیں منع کرنے پر حملہ کردیا گیا اور کلہاڑیوں سے وار کیے گئے، جس کے نتیجے میں لیموں میگھواڑ شدید زخمی ہوگیا، جبکہ کیلاش نامی نوجوان کی کمر پر بھی کلہاڑیوں کے وار کیے گئے۔

دوسری جانب لنڈ برادری کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سومار میگھواڑ، مہندرو میگھواڑ اور لیموں میگھواڑ نے نشے کی حالت میں ان پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں رحیم خان اور سموں لنڈ شدید زخمی ہوئے۔ لنڈ برادری کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی پہل یا حملہ نہیں کیا۔

دریں اثناء گزشتہ دو روز سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ دھمکی آمیز پوسٹس بھی میگھواڑ برادری کی جانب سے میڈیا کو فراہم کی گئی ہیں۔

واقعے کے حوالے سے کلوئی پولیس کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم رابطہ نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی کو ہدایت کی گئی ہے کہ لنڈ اور میگھواڑ برادری کے درمیان جاری پرانے تنازع اور تازہ جھگڑے کی تفصیلات حاصل کی جائیں اور کلوئی پولیس کی مبینہ سستی کا نوٹس لیا جائے، بصورت دیگر معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھانے کا کہا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button