ڈپٹی کمشنر تھرپارکرکاضلعی انتظامیہ کو12 ربیع الاول پر صفائی، ٹریفک اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں، محکمہ تعلیم، پبلک ہیلتھ، اوقاف، میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 کے افسران، علماء اکرام، مذہبی رہنماؤں اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 12 ربیع الاول کی مناسبت سے منعقد ہونے والی محافل، جلوسوں اور دیگر تقریبات کے لیے سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، بجلی و روشنی، طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمارے لیے انتہائی مقدس اور بابرکت دن ہے۔ اس موقع پر حضور اکرم ﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار پورے جوش، جذبے، مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تقریبات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کے تمام پروگراموں، جلوسوں اور محافل کے انتظامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کیے جائیں، صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے علماء اکرام اور مذہبی رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ محبت، بھائی چارے، امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں، تاکہ ضلع بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات پرامن اور شایانِ شان انداز میں منعقد ہو سکیں۔



