چاکری شاخ اور گنج بحر نہر میں پانی کی قلت، آبادگاروں کا احتجاج، تھرکول شاہراہ بلاک

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) گولارچی کے قریب کورواہ چوک پر چاکری شاخ کے آبادگاروں نے نہری پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی دھرنا دے کر کراچی، بدین، تھرکول ہائی وے بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
دوسری جانب کڈھن کے قریب واقع گنج بحر نہر میں پانی کی قلت کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنما سلطان بوہڑ کی قیادت میں سیاسی کارکنوں اور آبادگاروں نے بھی احتجاج کیا۔ مظاہرین نے گنج بحر نہر میں فوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کرنے والے آبادگاروں کا کہنا تھا کہ چاکری شاخ اور گنج بحر نہر میں پانی نہ پہنچنے کے باعث دھان کی پنیری سوکھ کر تباہ ہو رہی ہے، جبکہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے مال مویشی بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
آبادگاروں کے مطابق زرعی پانی کی مسلسل قلت کے باعث انہیں لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہری پانی کی فوری فراہمی نہ کی گئی تو فصلیں مزید تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
تھرکول شاہراہ پر احتجاج کے باعث سفر کرنے والے سینکڑوں مسافروں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔
بعد ازاں ایس ایچ او گولارچی انسپکٹر محمد خان کلوئی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور نہری پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد آبادگاروں نے احتجاج ختم کردیا اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔



