ننکانہ صاحب میں9سالہ بچی کی گڑھے سے لاش برآمد،علاقے میں خوف و ہراس

ننکانہ صاحب (نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)تھانہ واربرٹن کی حدود میں ایک افسوسناک واقعے نے علاقے کو سوگوار کردیا، جہاں 9 سالہ تیسری جماعت کی طالبہ کی لاش گاؤں کے قریب ایک گڑھے سے برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واربرٹن کے نواحی گاؤں عالیاں والا کے رہائشی کسان شہباز الحسن ولد لشکر حسین کی 9 سالہ بیٹی رفعت فاطمہ رات کے وقت اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سوئی ہوئی تھی۔ اہلخانہ کے مطابق والد تقریباً صبح 3 بجے بیدار ہوئے تو بچی کو چارپائی پر موجود نہ پایا۔

بچی کے اچانک لاپتا ہونے پر اہلخانہ نے تشویش میں تلاش شروع کردی۔ تلاش کے دوران گاؤں کے قریب ایک چھوٹے گڑھے سے رفعت فاطمہ کی لاش ملی، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ واربرٹن موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کے محرکات، بچی کی موت کی وجوہات اور ممکنہ طور پر اس میں ملوث افراد کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب مقتولہ کے والدین، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

رفعت فاطمہ کی اچانک موت نے گاؤں میں سوگ کی فضا قائم کردی ہے، جبکہ اہل علاقہ ملزمان کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کے منتظر ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button