ٹھٹھہ: سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی پروقار تقریب، طلبہ کے ملی نغموں اور ٹیبلوز نے سماں باندھ دیا

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن ٹھٹھہ کے زیر اہتمام یونین کونسل بجورا کے گاؤں خمیسو سموں کے اسکول ناتھو سموں (ریڈار) میں پاکستان کے 79ویں جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار اور پرجوش تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا انعقاد سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی پراجیکٹ ڈائریکٹر میڈم حمیرا علی اور ان کی ٹیم نے شاندار انداز میں کیا۔ تقریب میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کرکے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر گھوڑاباڑی میڈم سورٹھ مظہر ابڑو تھیں، جبکہ اعزازی مہمانوں میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خداداد بھرانی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سیکنڈری میڈم زینب شاہین نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین، جن میں اسسٹنٹ کمشنر سورٹھ مظہر ابڑو، ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر خدا بخش بھرانی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری زینب شاہین، سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی پراجیکٹ ڈائریکٹر حمیرا علی، یعقوب بروہی اور دیگر شامل تھے، نے کہا کہ سندھ کے عوام کو اس بات پر فخر ہے کہ سندھ اسمبلی نے پاکستان کے قیام کی قرارداد کی منظوری میں تاریخی کردار ادا کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ 1940 کی قرارداد اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان ایک آزاد وطن کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا، جہاں آج ہم آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
تقریب کو کامیاب بنانے میں اسکول انتظامیہ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ طلبہ و طالبات نے مختلف ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعے اپنی حب الوطنی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے ادارے کی مختلف سماجی سرگرمیوں اور کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی۔ جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور پودے بھی لگائے گئے۔
ٹیبلوز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے کیش انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والی ٹیم کے اراکین نیاز محمد، ارشاد احمد، بھرت لال اور زبیدہ ترک سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض میڈم عصمت بی بی نے انجام دیے۔ تقریب کا آغاز پاکستانی پرچم لہرانے اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کی جانب سے شریک مہمانوں کو سندھی اجرک کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔



