آئی جی اسلام آباد کی بگی میں بیٹھ کر تقریب کا معائنہ کرنے کی وائرل ویڈیو پر محسن نقوی کا ردِعمل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انٹرنیٹ پر وائرل آئی جی اسلام آباد اور چیرمین سی ڈی اے کی بگی میں بیٹھ کر تقریب کا معائنہ کرنے کی ویڈیو پر ردعمل دیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دونوں افسران نے ان کی ہدایت پر، پروگرام شروع کرنے کے لیے ایسا کیا، اس پروگرام میں انہیں اور مہمان خصوصی کو پہنچنے میں تاخیر ہورہی تھی کیوں کہ وہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ میں تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے افسران کو ہدایت کی تھی کہ عوام کو مزید انتظار نہ کروایا جائے اور پروگرام شروع کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیف گیسٹ کے لیے بگی کا انتظام کیا گیا تھا اور اسے چیف گیسٹ کے ساتھ آنا تھا، لیکن بدقسمتی سے ناگزیر حالات کے باعث اسے افسران نے استعمال کیا، وہ یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ افسران نے ابتدا میں ان کی غیر موجودگی میں پروگرام کے آغاز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ویڈیو میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ ریٹائرڈ سہیل اشرف بگی میں بیٹھ کر تقریب میں شرکت کرتے نظر آرہے تھے۔



