پنجاب میں ممکنہ بارشوں اور سیلاب کا الرٹ، متعلقہ محکمے ہائی الرٹ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ممکنہ بارشوں، اربن فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے پنجاب کے متعلقہ محکمے ہائی الرٹ ہوگئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں ریسکیو اداروں کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ہنگامی تیاریوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکمت عملی اور ہنگامی صورتحال میں رسپانس کی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر رسپانس کی استعداد بڑھانے کے لیے نئی تربیتی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔

پی ڈی ایم اے اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ جدید واٹر ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس، ڈی واٹرنگ پمپس، ریسکیو گاڑیوں اور دیگر ضروری آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

سیف انور جپہ نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری یقینی بنائی جائے گی اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کو ممکنہ بارشوں اور اربن فلڈنگ کے پیشگی الرٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کم سے کم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ کنٹرول روم کا نظام مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے، دریاؤں اور ڈیمز کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع دی جائے گی۔

سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ محکموں کو مشینری اور عملہ ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button