یومِ آزادی پر مسلح افواج کا عزم، وطن کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج پاکستان نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری، امن اور ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور قوم کی حفاظت ان کا اولین فرض ہے۔

مسلح افواج کے جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن کا دفاع یقینی بنانے کے لیے وہ ملکی سرحدوں پر ہر وقت چوکس اور چاک و چوبند کھڑے ہیں۔ دشوار گزار پہاڑی علاقوں سے لے کر ہر محاذ تک پاک فوج کے جوان دشمن کے سامنے مضبوط دیوار کی مانند موجود ہیں اور ملک کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

جوانوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری قوت اور جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔ امن و امان کے قیام، قومی ترقی اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل میں بھی اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مسلح افواج کے جوانوں کا کہنا تھا کہ وہ صرف ملکی سرحدوں کے محافظ نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل اور عوام کے خوابوں کے بھی نگہبان ہیں۔ ان کے مطابق وطن کی خدمت ان کے لیے اعزاز اور اس سرزمین کا دفاع ان کا قومی فرض ہے۔

جوانوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے وہ ہر وقت موجود رہیں گے اور اپنی آخری سانس تک پاکستان کو محفوظ، مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مسلح افواج کے جوانوں نے پوری قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے، اس کا دفاع ہمارا فرض اور وطن کی خدمت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button