وزیر داخلہ محسن نقوی کا این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹرز کا اچانک دورہ، کام کی سست رفتاری پر برہمی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ہیڈکوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کا اچانک دورہ کیا اور اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کی سست رفتار پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر عمارت میں صرف ایک مزدور کام کرتا ہوا پایا گیا، جس پر محسن نقوی نے منصوبے کی پیش رفت سے متعلق دریافت کیا۔
مزدور نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر 9 افراد کام کرتے ہیں، تاہم گزشتہ چند روز سے تعمیراتی کام رکا ہوا ہے۔
منصوبے پر پیش رفت نہ ہونے پر محسن نقوی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹرز کی اپ گریڈیشن کا کام فوری طور پر تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام تعمیراتی کام کی رفتار بہتر بنائیں۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور کام میں تعطل کی وجوہات کو فوری طور پر دور کیا جائے۔



