ماتلی میں آئس کا نشہ جان لیوا بن گیا، ایک ماہ میں 4 نوجوان جاں بحق

ماتلی (رپورٹ: اے۔ایم۔ گدی\جانوڈاٹ پی کے) ماتلی شہر اور گردونواح میں آئس جیسے خطرناک نشے کا پھیلاؤ تشویشناک حد تک بڑھ گیا، جس کے باعث ایک اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران آئس کے مبینہ استعمال سے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق ماتلی کے قلندی محلے کا رہائشی نادر عرف پپا ملاح آئس کے نشے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ اہل خانہ اسے تشویشناک حالت میں تعلقہ اسپتال ماتلی لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کردی۔
ایک ماہ کے دوران 4 نوجوانوں کی ہلاکتوں پر شہریوں، سماجی اور سیاسی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث 4 خاندان اپنے جوان بیٹوں سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ آئس کا نشہ نوجوان نسل کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق آئس کی مبینہ فروخت میں ملوث بڑے ڈیلروں اور سپلائرز کے خلاف تاحال مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے پولیس اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ماتلی اور گردونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے بڑے ڈیلروں اور سپلائرز کو گرفتار کیا جائے۔
سماجی و سیاسی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ نوجوان نسل کو اس تباہ کن نشے سے بچانے کے لیے صرف چھوٹے فروشوں کے خلاف کارروائی کے بجائے منشیات کی سپلائی میں ملوث بڑے عناصر تک پہنچا جائے۔
شہریوں نے سوال اٹھایا کہ ماتلی میں آئس کے بڑے ڈیلروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی آخر کب ہوگی؟



