سعودی عرب پر حملے، امریکا نے ایران کو ذمہ دارقراردیدیا

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کے پس پردہ ایران کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی ایران کے ایجنٹ اور پراکسی ہیں۔
مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط دفاعی اور عسکری تعلقات ہیں اور واشنگٹن خطے میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کچھ عرصے سے جاری ہے، جبکہ یمن کی فورسز حوثیوں کے خلاف لڑ رہی ہیں اور انہیں روکنے کی کوشش کررہی ہیں۔
روبیو نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکا کے دفاعی تعاون اور عسکری تعلقات مضبوط ہیں اور خطے میں ہونے والے واقعات کے تناظر میں امریکا صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں پر حملے کیے گئے، جن میں ابہا، جازان، نجران اور خمیس مشیط سمیت چار شہروں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
حملوں کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل بتائے گئے ہیں۔
ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی نے خطے کی پہلے سے موجود صورتحال کو مزید پیچیدہ کردیا ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔



