پاکستان میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان بھر میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کے کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بنیادی حقوق، مذہبی آزادی اور مساوی حیثیت کے عزم کو نمایاں کرنا ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کو قانون ساز اسمبلی سے کیے گئے تاریخی خطاب کو بھی یاد کیا جاتا ہے، جس میں انہوں نے تمام شہریوں کے لیے بلاامتیاز مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصولوں پر زور دیا تھا۔
پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر اقلیتی برادریوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اقلیتی برادری کے افراد ملکی معیشت، تعلیم، صحت، دفاع، سیاست، کھیل اور دیگر شعبوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مسیحی برادری نے ملک میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی فراہم کیے جانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور جشنِ آزادی کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتی ہے۔
ہندو اور سکھ برادریوں کی جانب سے بھی پاکستان میں مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا جاتا ہے۔
پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا باقاعدہ آغاز 11 اگست 2009 کو اُس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دورِ حکومت میں ہوا۔ ہر سال یہ دن اقلیتی برادری کے حقوق کو اجاگر کرنے، ان کی خدمات کو سراہنے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔



