پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ طے کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پولنگ کی تاریخ طے کرنے کے معاملے پر اہم اجلاس طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کی تاریخ کے اعلان پر مشاورت کے لیے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

خط میں پنجاب حکومت سے کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر مشاورت کے لیے صوبائی کابینہ کی کمیٹی فوری طور پر تشکیل دی جائے، جبکہ کمیٹی کے ارکان کو الیکشن کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کی تاریخ سے متعلق مشاورت الیکشن قوانین اور پنجاب بلدیاتی قانون کے تحت کی جائے گی۔

اس سلسلے میں مشاورتی اجلاس 20 اگست کو صبح 11 بجے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہوگا، جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی کابینہ کی کمیٹی شرکت کرے گی۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور پولنگ کی تاریخ کے حوالے سے حتمی مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد انتخابی عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button