وزیرآباد:جماعت اسلامی کے کارکنان16 اگست کے دھرنوں کی بھرپور تیاری کریں، اظہر اقبال حسن

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، ظالمانہ پیٹرولیم لیوی، ناجائز ٹیکسز اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 16 اگست 2026ء سے ملک بھر کے چاروں صوبوں میں بیک وقت گورنر ہاؤسز اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے جماعت اسلامی کے کارکنان، ضلعی و تحصیل امراء اور تنظیمی ذمہ داران دھرنوں کی بھرپور تیاری کریں، عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلامک سینٹر وزیرآباد میں جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کی اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی ناصر محمود کلیر،صابر حسین بٹ،حافظ فرحان منیر بٹ،حاجی عنایت اللہ میتلہ،ارسلان بٹ،چوہدری نذر محمد چیمہ،محمد جاوید محمود مغل،صاحبزادہ محمد رفیق نعیم،سیٹھ ندیم نور حسین و دیگر بھی موجود تھے اظہر اقبال حسن نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ظالمانہ ٹیکسز عوام کے معاشی استحصال کا ذریعہ بن چکے ہیں، جنہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ یا مسلسل بنیادوں پر اضافہ عام شہری کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ حکومت اگر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم نہیں کرتی تو جماعت اسلامی عوامی طاقت کے ذریعے ان عوام دشمن فیصلوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی اور حکومت کو فیصلوں پر نظرثانی کے لیے مجبور کیا جائے گا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن نے وزیرآباد میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے خلاف مبینہ پولیس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا، گھروں میں توڑ پھوڑ کرنا اور کارکنان کو گرفتار کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی وزیرآباد کے مقامی ذمہ داران، ضلعی امیر چوہدری ناصر محمود کلیر کے گھر میں مبینہ توڑ پھوڑ اور کارکنان کی گرفتاریوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔اظہر اقبال حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک پرامن اور جمہوری سیاسی جماعت ہے اور اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے سیاسی و عوامی پروگرام کے تحت سرگرم ہیں، تاہم وزیرآباد میں جس انداز سے پولیس کارروائی کی گئی، وہ قابلِ مذمت ہے انہوں نے کہا کہ متعلقہ پولیس افسران کو اس مبینہ کارروائی پر جوابدہ ہونا پڑے گا اور جماعت اسلامی اس معاملے کو محض سیاسی بیان بازی تک محدود نہیں رکھے گی بلکہ قانونی چارہ جوئی کے تمام ممکنہ راستے اختیار کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں قانونی ٹیم سے مشاورت جاری ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا 16 اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے لیے بھرپور تیاری کریں، عوام سے رابطہ بڑھائیں اور انہیں ان کے بنیادی معاشی و جمہوری حقوق کے حوالے سے آگاہ کریں اظہر اقبال حسن نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین ہونے والے معاہدے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے جس کے مثبت اثرات خطے کی سیاسی، اقتصادی اور دفاعی صورتحال پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کا تعاون بہت پہلے ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے اس دائرے کو مزید وسیع کرتے ہوئے ایران، انڈونیشیا، ملائشیا اور قطر جیسے اہم مسلم ممالک کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ مسلم دنیا کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے آخر میں جماعت اسلامی کے کارکنان، ضلعی و تحصیل امراء اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں اور 16 اگست سے شروع ہونے والے ملک گیر دھرنوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تنظیمی و عوامی تیاری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کے معاشی حقوق کے حصول اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔



