وزیرآباد:انجمن بہبودی مریضاں کے صدرکی وفد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے نئے ایم ایس غلام مرتضیٰ سے ملاقات

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) انجمن بہبودی مریضاں کے صدر ناصر محمود اللہ والے اور افتخار حسین صدیقی نے ٹیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کے نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ غلام مرتضیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعد،محمد اکبر بٹ، محمد اسلم جتالہ، صوفی محمد اشرف نثار، ملک سکندر اور نعیم اشرف بھی موجود تھے۔ وفد نے ایم ایس کو انجمن کی جانب سے مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف فلاحی منصوبوں، پراجیکٹس اور خدمات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا جبکہ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو درپیش مسائل بھی ان کے علم میں لائے۔انجمن کے عہدیداران نے بتایا کہ انجمن بہبودی مریضاں گزشتہ پچاس سال سے دکھی انسانیت کی خدمت اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ہسپتال کو درپیش مسائل کے حل میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ انجمن کے زیراہتمام فری ڈائیلاسز سنٹر، فری ڈسپنسری اور ڈیڈ باڈی کولڈ سٹوریج سمیت مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں، جبکہ مریضوں کے لواحقین کے لیے مہمان سرائے بھی تعمیر کی گئی ہے۔انجمن کے نمائندگان نے کہا کہ ان تمام فلاحی سرگرمیوں کا مقصد صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی رضا اور دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ مستحق اور ضرورت مند مریضوں کو مفت علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ اور انجمن کو مل جل کر کام کرنا ہوگا تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اس موقع پر انجمن کے عہدیداران نے کہا کہ مہمان سرائے مریضوں کے لواحقین کی سہولت کے لیے تعمیر کی گئی ہے اور امید ہے کہ ہسپتال انتظامیہ انجمن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی ان شاء اللہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور مریضوں کی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ایم ایس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ہمارا اور انجمن بہبودی مریضاں کا مقصد ایک ہی ہے، یعنی مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا۔ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ انجمن کے ساتھ بھرپور تعاون کروں گا اور انجمن بہبودی مریضاں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی خدمت اور انہیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ایم ایس غلام مرتضیٰ نے انجمن بہبودی مریضاں کی گزشتہ پچاس سال سے جاری فلاحی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ انجمن کے فلاحی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کرے گی اور مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انجمن کے صدر ناصر محمود اللہ والے، افتخار حسین صدیقی اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ انجمن آئندہ بھی ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔ ملاقات کے دوران ہسپتال کے مختلف مسائل، مریضوں کو درپیش مشکلات اور انجمن کے فلاحی منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء ایم ایس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے انجمن بہبودی مریضاں کے زیر انتظام فری ڈائیلسز شعبے کا دورہ کیا۔



