ڈِیپلو میں اسپتال کی جگہ تبدیل کرنے کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی کا اجلاس، اتوار سے 3 روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈِیپلو کے عوام نے واضح فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسپتال کے قیام کے لیے ان کی جدوجہد آخری منزل تک جاری رہے گی۔ یہ بات ڈِپلو میں عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک اہم مشاورتی اجلاس میں سامنے آئی، جس میں شہر کی مختلف برادریوں کے معززین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے مولانا عباس کلر، محمد عمر بجیر، یاسر لنگھو، ایڈووکیٹ پرمانند راٹھوڑ، رفیق قمبراڻي، فقیر اکبر ڈِپلوائی، رب نواز ہالو، ابراہیم لنڈ اور انجینئر کبیر سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اسپتال جیسے زندگی بچانے والے منصوبے کو کسی نشیبی یا غیر محفوظ مقام پر تعمیر کرنے کے بجائے موزوں اور محفوظ جگہ پر قائم کیا جائے، تاکہ آنے والی کئی دہائیوں تک عوام اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ڈِپلو تحصیل کی ترقی اور عوامی بھلائی کے لیے شہریوں نے رنگ، نسل، ذات پات اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ عوام ہی طاقت کا اصل سرچشمہ ہیں، اس لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کو عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے جلد از جلد اپنا فیصلہ تبدیل کرنا ہوگا۔ اجلاس میں تحریک کو مزید تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ اتوار سے بدین بس اسٹاپ پر 3 روزہ بھوک ہڑتال کیمپ قائم کیا جائے گا، جہاں بھرپور عوامی احتجاج اور طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔



