پی ایم ڈی سی کا اہم فیصلہ، زیرِ تعلیم افغان میڈیکل طلبہ کو افغانستان واپسی کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پی ایم ڈی سی نے افغان میڈیکل و ڈینٹل طلبہ سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان میں پہلے سے زیرتعلیم افغان طلبہ کو افغانستان واپس جانے کی ہدایت کر دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے افغان طلبہ کی واپسی کیلئے میڈیکل کالجز کو انتظامی کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے خط بھی لکھ دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی نے خط میں کہا ہے کہ متعلقہ ادارے افغان طلبہ کو مطلوبہ این او سی جاری کریں، موجودہ تعلیمی سیشن میں افغان شہریوں کو میڈیکل، ڈینٹل داخلہ دینے پر پابندی عائد کر دی۔ افغان شہریوں کو میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں پلیسمنٹ، ٹرانسفر اور مائیگریشن کی اجازت نہیں ہوگی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ افغان شہریوں کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہ کی جائے، میڈیکل و ڈینٹل ادارے سابقہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں، تعمیلی رپورٹ جمع نہ کرانے والے ادارے 3 روز میں مکمل تفصیلات فراہم کریں، ہدایات پر عمل نہ کرنے، معلومات چھپانے یا غیر مجاز سہولت کاری پر کارروائی ہو گی۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق خلاف ورزی پر پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022ء کے تحت ریگولیٹری کارروائی ہوسکتی ہے، افغان طلبہ سے متعلق پی ایم ڈی سی کا یکم ستمبر کا خط 31 جولائی کی ہدایات کا اعادہ ہے۔



