کلوئی کے قریب غریب دیہاتیوں کی زرعی پانی کی مشین چوری، پولیس پر مقدمہ درج نہ کرنے کا الزام

تھرپارکر (جانوڈاٹ پی کے) تحصیل کلوئی کے علاقے کے ٹی کے گاؤں مالو میگھواڑ میں زرعی زمینوں کو پانی فراہم کرنے والی پمپنگ مشین چوری ہونے سے غریب دیہاتیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متاثرہ افراد نے پولیس پر مقدمہ درج نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

متاثرہ دیہاتیوں مہندرو مل، دلیپ کمار اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی غریب لوگ ہیں اور زرعی زمینوں سے حاصل ہونے والی آمدن ہی ان کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق زرعی زمینوں کو پانی فراہم کرنے والی پمپنگ مشین چوری ہونے سے ان کی فصلوں اور روزگار کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

دیہاتیوں نے الزام عائد کیا کہ مشین چوری ہونے کے بعد وہ واقعے کا مقدمہ درج کرانے کے لیے متعلقہ تھانے پہنچے، تاہم ایس ایچ او نے مبینہ طور پر مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔ متاثرین کے مطابق ان کی درخواست بھی مبینہ طور پر پھینک دی گئی اور ان سے بدتمیزی کی گئی۔

متاثرہ افراد نے مزید الزام عائد کیا کہ علاقے میں بااثر افراد کی مبینہ سرپرستی کے باعث انہیں مختلف مشکلات کا سامنا ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔

دیہاتیوں نے ایس ایس پی تھرپارکر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، چوری شدہ زرعی مشین برآمد کرائی جائے، ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ زرعی پانی کی مشین ان کے لیے محض ایک سامان نہیں بلکہ ان کے روزگار اور خاندانوں کے معاشی مستقبل کا اہم ذریعہ ہے، اس لیے اس کی فوری برآمدگی ان کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button