پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کی خوشی میں پنجاب پولیس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کی خوشی میں پنجاب پولیس کی جانب سے تین روزہ تقریبات کا آغاز کردیا گیا۔

اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس لاہور سمیت صوبے بھر کے پولیس دفاتر کو قومی جھنڈوں اور برقی روشنیوں سے سجا دیا گیا، جبکہ دفاتر پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم بھی لہرائے جارہے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس دفاتر کو تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے اظہار کے طور پر خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے تاریخ ساز دفاعی معاہدے کی خوشیوں میں دیگر قومی اداروں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کی علامت ثابت ہوگا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ملکی اندرونی سرحدوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ قومی سلامتی اور امن کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کررہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button