کراچی درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، پروپیگنڈا بند کریں، مرتضیٰ وہاب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، شہر کے حوالے سے پروپیگنڈا بند کیا جائے، پیپلز پارٹی بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

لانڈھی میں اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال کریں گے، صوبوں سے متعلق آئین میں جو طریقہ کار موجود ہے اسی پر عمل ہونا چاہیے، محض شوشے چھوڑنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ صوبوں سے متعلق معاملات آئین کے تحت پارلیمان میں حل کیے جائیں، جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا، معاشی استحکام بھی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام کیا جائے گا، جبکہ پیپلز پارٹی کی نیت کام کرنے کی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ کراچی میں بہتری آئے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور شہر کی رونقوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button