سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑی خوشخبری، خصوصی الاؤنس اور پنشن میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

پشاور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے اہم اعلان سامنے آگیا، محکمہ بلدیات نے خصوصی کنوینس الاؤنس اور پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق معذور سرکاری ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔ یہ الاؤنس لوکل کونسل بورڈ کے افسران اور اہلکاروں پر بھی لاگو ہوگا۔
لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے معذور ملازمین بھی نئے الاؤنس سے مستفید ہوں گے۔
محکمہ بلدیات کے مطابق خصوصی کنوینس الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط و ضوابط کے تحت دیا جائے گا، جبکہ نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
خصوصی کنوینس الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جبکہ یہ اضافہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے 14 جولائی 2026 کے مراسلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ بلدیات نے لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کے لیے بھی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا ہے، جس کی منظوری لوکل کونسل بورڈ خیبر پختونخوا نے دے دی۔
پنشن میں اضافے سے لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور خیبر پختونخوا کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے پنشنرز مستفید ہوں گے۔


