چین میں شدید سمندری طوفان ڈولفن کا خطرہ، 16 سو سے زائد پروازیں منسوخ، 5 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل

شنگھائی (ویب ڈیسک) چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے شدید سمندری طوفان ڈولفن کے پیش نظر بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، 16 سو سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اتوار کی صبح طوفان ڈولفن کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا، جو سمندری طوفان کے لیے ملک میں سب سے شدید نوعیت کی وارننگ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی رات یا پیر کو چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے دوران ہواؤں کی رفتار 162 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
چینی ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق شنگھائی کے ہونگ چیاؤ اور پوڈونگ ایئرپورٹس پر اتوار کو تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ پڑوسی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کے ایئرپورٹ پر بھی اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی 270 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
🇨🇳 Shanghai has cancelled around 1,300 flights and relocated 300,000 people as China braces for Typhoon Dolphin.
Heavy rain is already hitting nearby Hangzhou, where markets are stripping away tent roofs and securing anything that could become dangerous in high winds.
Dolphin…
— Mario Nawfal (@MarioNawfal) August 9, 2026
حکام کے مطابق ژی جیانگ کے شہر تائی ژو میں ہفتے کی شام تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ شنگھائی کے حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں سے 30 ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا جاچکا ہے۔
صوبہ فوجیان میں بھی ہفتے کی شام تک تقریباً 99 ہزار افراد کو خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ طوفان کے باعث ژی جیانگ اور فوجیان میں 200 سے زائد فیری روٹس پر سروس معطل کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ژی جیانگ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں غیر معمولی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، جہاں بعض مقامات پر 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔
شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، وسطی و جنوبی انہوئی اور صوبہ جیانگ سو کے بیشتر علاقوں میں بھی پیر تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات تیز کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔



