ترکش پیٹرولیم پاکستان کے سمندروں میں آف شور ڈرلنگ کرنے جا رہی ہے، علی پرویز ملک

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ترکش پیٹرولیم پاکستان کے سمندروں میں آف شور ڈرلنگ شروع کرنے جارہی ہے، جس کے بعد ملک میں بڑی سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جبکہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابلِ تسخیر بنایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان خطے میں امن اور تحفظ کے ضامن کے طور پر سامنے آیا۔ انہوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی معاشی قوت، ترکیہ کی ترقی اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت اہم کردار ادا کرے گی۔
علی پرویز ملک کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کی مہارت اور صلاحیتوں کا پوری دنیا اعتراف کرتی ہے۔ ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان کو معاشی سطح پر چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی اگلی منزل معاشی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔ پٹرول آج بھی مہنگا ہے، تاہم ملک میں پٹرول کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ممالک میں بعض مقامات پر شناختی کارڈ دکھا کر صرف 2 لیٹر پٹرول فراہم کیا جارہا ہے۔
علی پرویز ملک نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ترکش پیٹرولیم کی آف شور ڈرلنگ کے بعد پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔



