چترال میں سیلابی صورتحال تشویشناک، دریائے چترال نے عارضی جھیل کی شکل اختیار کرلی

چترال (ویب ڈیسک) ضلع چترال میں سیلابی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، گہرت گول کے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو شدید مشکلات اور ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

گہرت گول میں ملبہ جمع ہونے کے باعث دریائے چترال کا قدرتی بہاؤ متاثر ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں دریا نے عارضی جھیل اور ڈیم کی شکل اختیار کرلی ہے۔

پانی کی سطح بلند ہونے سے دریائے چترال کے کنارے آباد دیہات کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، جبکہ بیری نثار، گہرت اور دیگر علاقوں میں دریائی کٹاؤ میں تیزی آگئی ہے۔

سیلابی پانی کے باعث زرعی زمین مسلسل دریا برد ہورہی ہے، جبکہ متعدد رہائشی مکانات بھی دریائی کٹاؤ کی زد میں آگئے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گہرت گول کے مقام پر عارضی ڈیم کے باعث پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ممکنہ نقصان سے قبل ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور دریائے چترال کا قدرتی بہاؤ فوری طور پر بحال کیا جائے۔

متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے دورے جاری ہیں، تاہم مقامی افراد کے مطابق عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث آبادی میں تشویش بڑھ رہی ہے۔

شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر دریا کا بہاؤ جلد بحال نہ کیا گیا تو مزید زرعی اراضی اور مکانات دریا برد ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button