آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 جاری، 21 اسٹیشنز پر 6 ہزار سے زائد طلبہ شریک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کامیابی سے جاری ہے، پاکستان بھر کے 21 اسٹیشنز پر 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات پروگرام میں شریک ہیں۔
پروگرام کے تحت سابق مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کی طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہوں نے قومی سلامتی، معیشت اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ ترقی یافتہ معاشروں میں ایک مشترکہ عنصر نوجوان نسل کا مثبت کردار، بلند حوصلہ اور مؤثر شمولیت ہے۔
سابق مشیرِ قومی سلامتی کے مطابق جامع قومی سلامتی کا حقیقی تصور ہر شہری کے تحفظ، عزت، سلامتی اور خوشحالی کو یقینی بنانے سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں کی سوچ، قابلیت، محنت اور بلند عزم سے ہی ممکن ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف نے طلبہ و طالبات کے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے اور ان کے ساتھ مختلف قومی و سماجی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کو طلبہ کی فکری و علمی تربیت، قومی امور سے آگاہی اور مستقبل کے مواقع کی فراہمی کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا گیا ہے۔



