ایران کی امریکا کو بڑی شرطیں، آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے 6 مطالبات پیش

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ذوالقدر نے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے 6 شرائط رکھ دی ہیں اور خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔

ایرانی سیکرٹری قومی سلامتی کونسل کے مطابق امریکا کو ایران کو کسی بھی وقت اور کسی بھی زبان میں دھمکانے سے گریز کرنا ہوگا اور ایرانی قوم کی توہین نہیں کی جانی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران اور اس کے اتحادیوں پر مسلط جنگ مستقل طور پر ختم کی جائے جبکہ ایرانی عوام کے منجمد اور ضبط کیے گئے اثاثے غیر مشروط طور پر جاری کیے جائیں۔

ایرانی حکام نے مزید مطالبہ کیا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کی جائے اور امریکی افواج کو ایران کے اطراف سے واپس ہٹایا جائے۔

ذوالقدر کے مطابق ایران کو پہنچنے والے نقصانات کا بغیر کسی کمی کے مکمل ہرجانہ ادا کیا جائے جبکہ ایرانی قوم پر عائد غیر منصفانہ اور غیر قانونی پابندیاں بھی ختم کی جائیں۔

ایران کے سیکرٹری قومی سلامتی کونسل نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ ہو یا مذاکرات، ایران اپنے ارادوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

مزید خبریں

Back to top button