تین چار دنوں میں دھرنے کا حل نکل آیا تو 20 یا 21 اگست کو راولاکوٹ میں الیکشن ممکن ہے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ اگر اگلے تین چار دنوں میں دھرنے کا کوئی حل نکل آتا ہے تو 20 یا 21 اگست تک راولاکوٹ میں بھی انتخاب کروانا ممکن ہو جائے گا۔

مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر باغ اور حویلی میں پہلے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں سکیورٹی اہلکار پہنچ چکے ہیں اور پاک فوج کی نگرانی میں پولنگ سامان کی ترسیل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ 9 اور 10 اگست کو باغ اور حویلی میں انٹرنیٹ بحال کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے سات دنوں میں راولاکوٹ کے الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم بیان بازی کا جواب نہیں دے سکتے، دھاندلی ہوئی یا نہیں اور کس نے کی، اس کے تمام حقائق الیکشن مکمل ہونے پر ہی سامنے لائیں گے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ ووٹوں کی گنتی تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ہی کی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button