تلہار میں پینے کے پانی کی شدید قلت: دو ماہ سے پانی کی عدم فراہمی پر خواتین اور شہری سڑکوں پر، حیدرآباد بدین ہائی وے بلاک

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن\جانوڈاٹ پی کے) بدین کی تحصیل تلہار کے وارڈ نمبر 6 کے گاؤں کرم خان دلوانی میں گزشتہ دو ماہ سے واٹر سپلائی مکمل طور پر بند ہونے کے خلاف علاقہ مکین، خواتین اور مرد شدید سراپا احتجاج بن گئے اور حیدرآباد-بدین ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی۔

مظاہرین نے سڑک پر ٹائر نذرِ آتش کر کے شدید نعرے بازی کی، جس کے باعث حیدرآباد، بدین، کراچی اور مٹھی جانے والی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ احتجاج کرنے والی خواتین وزیران، شیربانو، اور زینب دلوانی نے میڈیا کو بتایا کہ دو ماہ سے واٹر سپلائی کی بندش اور زیرِ زمین کھارے پانی کی وجہ سے وہ گڑھوں کا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں، جس سے بچے شدید بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ مساجد اور میتوں کے غسل کے لیے بھی پانی میسر نہیں ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹاؤن کمیٹی تلہار کے چیئرمین کو بارہا شکایات کے باوجود کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر واٹر سپلائی بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button