اوکاڑہ میں چہلم حضرت امام حسینؑ کا مرکزی جلوس، ریسکیو 1122 کا خصوصی ایمرجنسی پلان، 83 عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم

اوکاڑہ(وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) ایمرجنسی سروسز کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر مرکزی امام بارگاہ ایوانِ حسین سے برآمد ہونے والے مرکزی ماتمی جلوس اور مجالس کو جامع ایمرجنسی و میڈیکل کور فراہم کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ کی زیرِ قیادت ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جلوس کے روٹ پر خصوصی انتظامات کیے۔ اس موقع پر 30 سے زائد ریسکیورز اور 10 تربیت یافتہ ریسکیو رضاکار تعینات کیے گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینسز، فائر وہیکل، ریسکیو پوسٹس اور جدید سہولیات سے آراستہ میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے، تاکہ عزاداروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

مرکزی ماتمی جلوس کے دوران زنجیر زنی کے باعث طبی امداد کے محتاج ہونے والے 83 عزاداروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ کسی بھی مریض کو اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؑ کے مرکزی جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئیں، جبکہ چہلم ڈیوٹی کے ساتھ ضلع بھر میں معمول کی ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو آپریشنز بھی بلا تعطل جاری رہے۔

مزید خبریں

Back to top button