پنجاب کابینہ نے بلدیاتی انتخابات، گندم خریداری اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، گندم خریداری، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی، جبکہ پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم 4,150 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے خریدنے کی بھی اجازت دے دی گئی۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کو 5 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کرنے، بینک آف پنجاب میں 3 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن، چیف منسٹر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اقدامات، اپنی چھت اپنا گھر اور اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے اضافی بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی، راولپنڈی رنگ روڈ پر ٹریفک و سکیورٹی انتظامات، واٹر اینڈ سینیٹیشن منصوبوں، پنجاب انڈسٹریز آرڈیننس 2026 میں ترامیم، میانوالی میں مریم نواز شریف میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال کے قیام اور لاہور ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کی تشکیل کی بھی منظوری دے دی۔
اس کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر عائد پابندی میں نرمی، بلوچستان کو اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی، چائلڈ لیبر قواعد، موٹر وہیکل سکریپج پروگرام اور متعدد بورڈز و اتھارٹیز میں تقرریوں کی بھی منظوری دی گئی۔



