فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گر گئی، 24 سالہ کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

سنگائی کولوک (مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ میں ایک مقامی فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 24 سالہ فٹبالر سوفوان آوائے جان جاں بحق جبکہ 12 دیگر کھلاڑی زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا۔
🇹🇭 Horrifying moment from Thailand when a freak lightning strike kills a football player and injures 12 others during a match pic.twitter.com/lAwYJxhtUo
— Visegrád 24 (@visegrad24) August 5, 2026
پولیس کے مطابق آسمانی بجلی اچانک میدان میں گری، جس سے سوفوان آوائے شدید زخمی ہو گئے۔
ساتھی کھلاڑی فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچے، ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹر ان کی جان نہ بچا سکے۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سوفوان آوائے سیمکولٹس ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے اور حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
یالا ایف سی نے اپنے کھلاڑی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نسبتاً عام ہیں، اور گزشتہ چند برسوں کے دوران اس نوعیت کے متعدد جان لیوا حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔



